جسٹس انوار الحق نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کےعہدے کا حلف اٹھالیا

لاہور: 

جسٹس محمد انوارالحق نے بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس محمد انوارالحق نے لاہور ہائی کورٹ کے 47 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے ان سے حلف لیا-

گورنر ہاوس لاہور میں ہونے والی سادہ اور پُروقار تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار، لاہور ہائی کورٹ کے جج صاحبان ، صوبائی وزراء، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین، لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور لاہور بار ایسو سی ایشن کے صدور و دیگر عہدیداروں سمیت سینئر وکلاء، وفاقی وصوبائی لاءافسران، سول و عسکری افسران اور اعلی حکام نے شرکت کی۔

خیال رہے سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد یاور علی مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب لاہورہائی کورٹ کے مستقل ہونے والے 6 ججز اور نئے تعینات ہونے والے 8 ایڈیشنل ججز نے بھی اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد انوارالحق نے ان سے حلف لیا، حلف برداری تقریب میں لاہور ہائی کورٹ کے ججز، افسران اور حلف لینے والے ججز کے عزیز و اقارب نے شرکت کی۔

مستقل ہونے والے ججز میں مسٹر جسٹس مجاہد مستقیم احمد، مسٹر جسٹس اسجد جاوید گورال، مسٹر جسٹس طارق سلیم شیخ، مسٹر جسٹس جواد حسن، مسٹر جسٹس مزمل اختر شبیر اور مسٹر جسٹس چودھری عبدالعزیز شامل ہیں جب کہ لاہور ہائی کورٹ میں نئے تعینات ہونے والے ایڈیشنل ججز میں مسٹر جسٹس انوارالحق پنوں، مسٹر جسٹس فاروق حیدر، مسٹر جسٹس شکیل الرحمان خان شامل ہیں۔

Share this on...Share on FacebookEmail this to someonePrint this page

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

گذشتہ شمارے